یہ کام صرف پاکستان کے ادیب اور دانشور ہی کر سکتے تھے کہ اُس بنگالی کو اُردو
سے نفرت کروا دیتے جس کےبزرگوں نے تب کلکتہ میں اُردو کی کتابیں پڑھنا شروع کی تھیں
جب دہلی میں میر تقی میر اُردو نثر لکھنے پر تیار نہیں تھے۔ اُردو کی گرامر بھی
کلکتہ ہی میں مرتب ہوئی تھی۔ قائداعظم نے بنگالی مسلمانوں کی اکثریت کے مطالبے پر
ہی یہ اعلان کیا تھا کہ پاکستان کی قومی زبان صرف اُردو ہو گی۔
الحمدللہ کہ ہم نے اُسی بنگال میں ایسی فضا پیدا کی کہ آج سقوطِ
ڈھاکہ کا تذکرہ ہوتے ہی سب سے پہلے زبان کے مسئلے کا حوالہ دیا جاتا ہے۔ یہ ہماری
ادبی تنظیموں کا وہ کارنامہ ہے جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔
ہم ان محسنوں کی خدمت میں کوئی تمغہ تو پیش نہیں کر سکتے
لیکن یہ نتیجہ ضرور نکال سکتے ہیں کہ اگر کسی زبان کے ادب میں ہمیں دلچسپی ہو تو
زبان اپنی ہو یا غیر کی، ہم اُسے سیکھنے پر تیار بھی ہو جاتے ہیں اور سیکھ بھی
لیتے ہیں۔ لیکن اگر ہمیں اُس سرمائے میں دلچسپی نہ رہے جو اُس زبان میں پیش کیا جا
رہا ہے تو وہ مادری زبان ہی کیوں نہ ہو، ہم اُسے ترک کر دیتے ہیں اور بھول جاتے
ہیں۔
یہاں ادب سے مراد وہ چیزیں ہیں جن کا زندگی سے تعلق ہوتا ہے اور جن
میں خواص کے ساتھ ساتھ ایک عام انسان بھی دلچسپی لیتا ہے۔ اس ادب کی پہچان ہمیشہ یہی
رہی ہے کہ جو لوگ پڑھنا لکھنا نہیں جانتے وہ بھی اس سے لطف اُٹھاتے ہیں۔
میں نے یہ بات خاصی تفصیل کے ساتھ اپنی انگریزی تصنیف حیاتِ
اقبال اور ہمارا عہد میں بیان کی ہے۔ وہاں میں نے مکمل حوالوں کی مدد سے دکھایا ہے
کہ مولانا حالی سے اُردو ادب میں ایک تحریک شروع ہوئی جسے اُردو ادب کی اسلامی
تحریک کہا جاتا تھا۔ اس کے درخشندہ ستاروں میں سر سید، اکبر الٰہ آبادی، مولانا
شبلی نعمانی، علامہ اقبال ، محمد علی جوہر اور مولانا ظفر علی خاں وغیرہ کے نام
لیے جاتے تھے۔ اس تحریک کی امتیازی خصوصیت یہ تھی کہ اس نے اسلام کو زندہ اور
عالمگیر تحریک سمجھ کر مسلم تہذیب کے ساتھ اپنا تعلق برقرار رکھا۔
اسی ادبی تحریک نے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک قوم ہونے کا
احساس جگایا۔ آل انڈیا مسلم لیگ کے قیام،
پاکستان کے تصوّر اور پھر پاکستان کی تخلیق میں اس ادبی تحریک کا کردار نظرانداز
نہیں کیا جا سکتا۔ اس لیے قیامِ پاکستان کے بعد پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے
بھی اسی تحریک کے جاری رہنے کی ضرورت تھی۔
بدقسمتی سے اس موقع پر بعض ادیبوں نے "انجمن ترقی پسند مصنفین" کی بنیاد رکھی جس کا افتتاح اپریل ۱۹۳۶ء میں لکھنو میں انڈین نیشنل کانگریس کے پنڈال میں جواہرلال نہرو کی آشیرباد کے ساتھ ہوا۔ خطبہء صدارت منشی پریم چند نے دیا جس میں کہا گیا کہ گوتم بدھ، یسوع مسیح اور محمد رسول اللہ ناکام ہو گئے۔ ہم بھی ناکام ہو جائیں گے اگر ہم نے مذہب کا سہارا لیا۔
بدقسمتی سے اس موقع پر بعض ادیبوں نے "انجمن ترقی پسند مصنفین" کی بنیاد رکھی جس کا افتتاح اپریل ۱۹۳۶ء میں لکھنو میں انڈین نیشنل کانگریس کے پنڈال میں جواہرلال نہرو کی آشیرباد کے ساتھ ہوا۔ خطبہء صدارت منشی پریم چند نے دیا جس میں کہا گیا کہ گوتم بدھ، یسوع مسیح اور محمد رسول اللہ ناکام ہو گئے۔ ہم بھی ناکام ہو جائیں گے اگر ہم نے مذہب کا سہارا لیا۔
ترقی پسند تحریک براہِ راست اُس ادبی تحریک سے متصادم ہوئی جو
مسلم قومیت کا تحفظ کر رہی تھی۔ جبکہ کانگریس اور ہندو مہاسبھا اُس مسلم قومیت کو تسلیم
کرنے پر تیار نہیں تھی۔ ترقی پسند تحریک سے وابستہ ادیب خواہ نیک نیت ہوں یا بدنیت
بہرحال وہ اُن خواہشات اور جذبات کا اظہار نہیں کر رہے تھے جو قائداعظم کےمطابق مسلمانوں کی اکثریت کے دِلوں میں تھے۔
ترقی پسند تحریک کا ایک انتہائی مضر پہلو یہ تھا کہ اس کے مطابق ادب کے بارے میں عوام کو فیصلہ کرنے کا
اختیار نہیں تھا۔ یہ اصول بعض ایسے ادیبوں نے بھی قبول کیا جو ویسےترقی پسند تحریک کی مخالفت کر رہے تھے۔ محمد حسن عسکری نے ۱۹۴۷ء میں پاکستان کی حمایت میں ایک مضمون لکھا تو اُس میں کہا
کہ میری سوچ قائداعظم سے زیادہ پیچدار ہے کیونکہ میں نے زیادہ کتابیں پڑھی ہیں۔ بعد
میں سر سید اور حالی کو مسلم تہذیب کا دشمن قرار دے کر کوشش کی کہ ان کے اثرات سے
ادب کو پاک کیا جائے۔ علامہ اقبال کی فکر کی مخالفت کرنے کو "پاکستانی
ثقافت" اور "روایت" جیسے نام دیے۔ اِس قسم کی دانشوری پر کوئی
تبصرہ نہ کیا جائے تو بہتر ہے۔
اگر ہم نے اب بھی اُردو ادب کو صرف اسی ذہنی بٹیربازی تک
محدود رکھا تو نتائج شاید ماضی سے بھی
زیادہ ہولناک ثابت ہوں۔ ماضی میں ہم نے اس لیے نقصان اُٹھایا کہ ۱۹۳۵ء کے بعد ہم
نے اُردو ادب کی اسلامی تحریک کے وجود ہی سے انکار کر دیا۔ وہ تمام نئے ادیب جنہوں
نے ۱۹۳۵ء کے بعد اِس تحریک میں شمولیت اختیار کی، اُنہیں ادیب ہی تسلیم نہیں کیا
گیا۔ حالانکہ یہی ادیب عوام اور خواص میں مقبول تھے۔ یہی ہماری خواہشات کی صحیح
ترجمانی کر رہے تھے۔ صرف انہوں نے ہی مسائل کے حل فراہم کیے تھے۔ لیکن دنیا سے یہی
کہتے ہوئے رخصت ہو گئے کہ جس کو نہ تم سمجھ سکے میں ایسا اِک سوال ہوں۔
اب اگر ہم نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں ایک طاقتور
ذہنی محاذ بنانا ہو گا جس کا مقصد یہ ہو کہ اُن تمام ادیبوں کے کام کو سامنے لائیں
جنہوں نے ۱۹۳۵ء کے بعد اُردو ادب کی اسلامی تحریک کے تسلسل کو جاری رکھا لیکن جن
کے کام پر ہم نے کبھی سنجیدگی سے غور نہیں کیا۔
کیا ہم اِس طرف
توجہ دے سکتے ہیں؟
0 تبصرے:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔